8 جولائی 2015 - 13:41
یوم القدس کے ذریعے عالمی برادری میں اتحاد قائم ہوا: روسی نمائندہ

روسی پارلیمنٹ کے ایک سابق رکن نے کہا ہے کہ یوم القدس نے فلسطین کے مسئلے کے لئے عالمی برادری میں اتحاد قائم کر دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روسی پارلیمنٹ کے سابق رکن شامیل سلطانف نے، جو اس وقت روس اور عالم اسلام کے اسٹریٹیجک تحقیقاتی مرکز کے سربراہ ہیں، کہا ہے کہ یوم القدس کے ذریعے عالمی برادری اور مختلف ممالک اور فلسطین کی حامی تنظیموں کی سرگرمیوں میں یکجہتی پیدا ہوئی ہے۔ شامیل سلطانف نے بدھ کے روز ماسکو میں ہونے والی ایک سیاسی نشست میں کہا کہ چھتیس سال قبل امام خمینی (رح) نے ماہ رمضان کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس کے طور پر منائے جانے کا اعلان فرمایا جس کے بے انتہا مثبت اور اہم نتائج سامنے آئے۔ روس اور عالم اسلام کے اسٹریٹیجک تحقیقاتی مرکز کے سربراہ نے کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے اس اقدام سے مسئلہ فلسطین میں ایک نئی جان پیدا ہوئی اور صیہونی حکومت اور اس کے حامی ممالک کی سازشوں اور منصوبوں کا پردہ چاک ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج اقوام متحدہ اور اس سے وابستہ بین الاقوامی ادارے، صیہونیوں کے غیر انسانی اور مجرمانہ اقدامات کی مذمت کر رہے ہیں تو یہ یقینا یوم القدس کی برکتوں اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لئے ایران اور روس جیسے ممالک کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ شامیل سلطانف نے کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ، بیسویں صدی کے عظیم ترین مفکر تھے اور ان کا ہر قدم انسانیت کے فروغ کے لئے اٹھا، اسی لئے بیت المقدس کی آزادی پر مبنی ان کی فکر دنیا بھر کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ سلطانف نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو فلسطینی عوام سے، سخت ترین حالات کے باوجود انسانیت کے تحفظ اور اپنے حق کے مطالبے کے لئے جد و جہد کرنے کا سبق لینا چاہئے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲